اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کے لیے 330 ملین ڈالرز کی منظوری دے دی ہے، جو ملک کے توانائی شعبے میں اصلاحات اور گرڈ انفرا اسٹرکچر کی ترقی کے لیے استعمال ہوں گے۔ یہ فنڈز ‘سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن اسٹرینتھنگ پروجیکٹ’ کے لیے فراہم کیے جائیں گے، جس کا مقصد کلین انرجی ٹرانسمیشن میں توسیع اور جدید گرڈ انفرااسٹرکچر کی تعمیر ہے۔
منصوبے کے تحت 500 کے وی کی نئی 290 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن تعمیر کی جائے گی، جو اسلام آباد اور فیصل آباد کے لیے گرڈ انفرا اسٹرکچر کو اپ گریڈ کرے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف توانائی کی تقسیم میں بہتری آئے گی بلکہ 3200 میگاواٹ پن بجلی کو نیشنل گرڈ تک پہنچانے میں بھی مدد ملے گی، جس سے کم لاگت بجلی کی ترسیل ممکن ہوگی اور پاکستان کا درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کے توانائی شعبہ اصلاحات پروگرام کا حصہ ہے اور اس کا مقصد توانائی سیکورٹی، سستی بجلی کی فراہمی اور ملک میں پائیدار توانائی کے نظام کو مضبوط کرنا ہے۔ اس پیکیج میں 285 ملین ڈالر کا عام قرض اور 45 ملین ڈالر رعایتی قرض شامل ہے، جو منصوبے کے مالی پہلو کو مستحکم کرے گا اور اس کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنائے گا۔
ماہرین کے مطابق، یہ پروجیکٹ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں ایک تاریخی قدم ہے کیونکہ یہ نہ صرف گرڈ انفرااسٹرکچر کو جدید بنائے گا بلکہ مستقبل میں قابل تجدید توانائی کے مؤثر استعمال کو بھی فروغ دے گا۔ منصوبے سے نہ صرف توانائی کی ترسیل میں بہتری آئے گی بلکہ بجلی کی لاگت میں کمی، غیر مستحکم توانائی وسائل پر انحصار میں کمی، اور صنعتی و شہری ترقی کے لیے مضبوط بنیاد بھی تیار ہوگی۔
