تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سیاست میں اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کے بغیر آگے بڑھنا ممکن ہی نہیں۔ جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کھل کر اعتراف کیا کہ ان کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمیشہ سے روابط رہے ہیں، اور یہ بات نہ انہوں نے کبھی چھپائی ہے اور نہ ہی اس پر شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر موجود کچھ عناصر ان پر الزامات لگاتے رہتے ہیں، مگر وہ ”اندر باہر ایک‘‘ شخصیت کے مالک ہیں۔ ان کے مطابق عمران خان سمیت پوری قیادت اس حقیقت سے واقف ہے کہ ان کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے موجود رہے ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ بات اسرائیل یا بھارت سے تعلقات کی نہیں بلکہ ملکی اداروں کے ساتھ سیاسی رابطوں کی ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے بھی ایک وقت میں اسی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مضبوط تعلقات رکھے، اور اگر آج کچھ اختلافات پیدا ہوگئے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ دونوں کے درمیان کوئی مستقل دوری پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملک کی موجودہ سیاسی فضا میں سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان رابطوں کا ہونا نہ صرف ضروری ہے بلکہ قومی استحکام کے لیے ناگزیر بھی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ پاکستان کا اہم ادارہ ہے، اس کے ساتھ مثبت روابط رکھنا سیاست کا حصہ ہے جبکہ سیاسی جدوجہد کا اپنا ایک الگ دائرہ ہے جو جاری رہنا چاہیے۔
