شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی منظوری دے دی
وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز (CDF) تعیناتی کی سمری منظوری دے کر ایوان صدر روانہ کر دی ہے۔ دونوں عہدوں پر ان کی مدتِ تعیناتی پانچ سال کے لیے مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد وہ بیک وقت ملکی فوجی قیادت کے دونوں اہم ترین منصب سنبھالیں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس سے قبل بطور چیف آف آرمی اسٹاف اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، تاہم نئی تقرری کے بعد وہ پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی کو تینوں مسلح افواج کے مشترکہ ڈھانچے کے تحت ایک نئی سمت دینے کے ذمہ دار ہوں گے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز کا منصب ملک میں پہلی بار تشکیل دیا جا رہا ہے، جس سے عسکری کمان اینڈ کنٹرول میں مربوط رابطہ سازی مزید مضبوط ہوگی۔
اسی سلسلے میں حکومت نے چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کی منظوری دی ہے۔ یہ توسیع ان کی موجودہ پانچ سالہ مدت کے مارچ 2026 میں مکمل ہونے کے بعد مؤثر ہوگی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلے ملک کے دفاعی ڈھانچے میں تسلسل، استحکام اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کی غرض سے کیے گئے ہیں۔
