گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا سب سے بڑا قومی کارنامہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا ہے، اور اگر ملک کے پاس یہ دفاعی ڈھال نہ ہوتی تو رواں سال کسی بھی ممکنہ جنگ میں حالات انتہائی مختلف اور خطرناک ہو سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک میں تعمیراتی سیاست کی بنیاد رکھی اور اسی تسلسل نے پنجاب سمیت پورے پاکستان کے ترقیاتی نقشے کو بدل کر رکھ دیا۔
وزیراعظم نے گوجرانوالہ کے نئے ماس ٹرانزٹ منصوبے کو علاقے کے لیے ”انقلابی تبدیلی“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں بدلتا بلکہ طلبہ، مزدوروں، خواتین، وکلا اور عام شہریوں کے روزمرہ سفر کو تیز، محفوظ اور آرام دہ بنا کر پورے ضلع کی معاشی رفتار بڑھائے گا۔ ان کے مطابق اس سہولت سے نئی کاروباری سرگرمیوں، بہتر سفری نظم اور وقت کی بچت کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں حقیقی آسانی آئے گی۔
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواز شریف نے لاہور میں دل کے امراض کا پہلا جدید اسپتال تعمیر کرایا، موٹر ویز بنائیں، انفراسٹرکچر کو مضبوط کیا اور ایسے منصوبے دیے جن کی مثال آج بھی نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں نواز شریف کے کردار کو نہ کوئی مٹا سکتا ہے، نہ جھٹلا سکتا ہے، حتیٰ کہ سخت ترین مخالف بھی ان کاموں کا اعتراف کرنے پر مجبور ہیں۔
وزیراعظم نے پنجاب میں اسموگ کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کبھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست تھا، مگر اسموگ میں واضح کمی مریم نواز کی محنت، پالیسیوں اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے یہ اقدامات حقیقت پر مبنی ہیں، اور چاہے کوئی پسند کرے یا نہ کرے، ان کامیابیوں کو چھپایا نہیں جا سکتا
