اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کو ترکمانستان کے دو روزہ سرکاری دورے کے لیے روانہ ہوگئے۔ سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی نیوز کے مطابق یہ دورہ ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اشک آباد میں بین الاقوامی فورم میں شرکت کریں گے، جس کا انعقاد بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد 2025، یوم ترکمانستان کی غیرجانبداری، اور ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کے 30 سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم صدر بردی محمدوف سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جہاں علاقائی تعاون، اقتصادی تعلقات اور سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ، معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور خصوصی معاون طلحه برکی بھی موجود ہیں۔
یہ دورہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے ضمن میں اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے، جبکہ عالمی فورم میں وزیراعظم کی شرکت خطے میں امن اور اعتماد کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو اجاگر کرے گی۔
