اسلام آباد (دار ڈیسک) وزارتِ مذہبی امور نے خادمینِ حج (خدام الحجاج) کی بھرتی سے متعلق شائع ہونے والے جعلی اشتہارات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ہے، جس میں ملوث عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ 8 دسمبر 2025 کو پشاور کے ایک روزنامہ میں شائع ہونے والا اشتہار مکمل طور پر جعلی ہے، جس میں سعودی عرب کے لیے خادمینِ حج کی بھرتی کا دعویٰ کیا گیا۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ اس اشتہار کا وزارتِ مذہبی امور سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی حکومت نے خادمینِ حج کی بھرتی کے لیے کوئی اشتہار جاری کیا ہے۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض عناصر عوام کو دھوکہ دینے کے لیے اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے جعلی اشتہارات شائع کر رہے ہیں، جو کہ نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ عوام کے مذہبی جذبات سے کھیلنے کے مترادف بھی ہے۔
انہوں نے عوام کو سختی سے ہدایت کی کہ خادمینِ حج یا حج سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات، اشتہارات یا بھرتیوں پر صرف وزارتِ مذہبی امور کی سرکاری ویب سائٹ اور مستند ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ جعلی اشتہارات پر عمل کرنے والے افراد مالی نقصان اور قانونی مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔
وزارت نے ایف آئی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی اشتہارات شائع کرنے والی کمپنی، ذمہ دار افراد اور سہولت کاروں کے خلاف فوری تحقیقات کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے فراڈ سے عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔
