پاکستان نیوی نے بحیرۂ عرب کے شمالی حصے میں اپنی دفاعی صلاحیت اور آپریشنل برتری کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے زمین سے فضا میں مار کرنے والے جدید ایف ایم-90 (این) ای آر میزائل کی لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جس نے دشمن کی کسی بھی فضائی جارحیت کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت کو ثابت کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس فائر پاور کے عملی مظاہرے کے دوران پاکستان نیوی کے ایک جنگی جہاز نے نہایت مہارت، برق رفتاری اور درستگی کے ساتھ انتہائی پھرتی سے حرکت کرنے والے فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ یہ کامیاب فائرنگ نیوی کی جدید ٹیکنالوجی، مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور اعلیٰ تربیت یافتہ عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس اہم دفاعی مشق کا کمانڈر پاکستان فلیٹ نے سمندر میں پاکستان نیوی کے فلیٹ یونٹ پر سوار ہو کر خود مشاہدہ کیا، جس سے اس مشق کی اسٹریٹجک اہمیت مزید اجاگر ہو گئی۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے مشق میں شریک افسران اور جوانوں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، لگن، نظم و ضبط اور آپریشنل تیاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان نیوی ہر قیمت پر ملک کے سمندری دفاع، بحری سرحدوں کے تحفظ اور قومی بحری مفادات کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ایف ایم-90 (این) ای آر میزائل کی کامیاب لائیو فائرنگ خطے میں پاکستان نیوی کی دفاعی طاقت، مؤثر ڈیٹرنس اور سمندری سلامتی کے عزم کا مضبوط پیغام ہے، جو کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
