چین میں پاکستان بحریہ کی جدید ترین ہینگر کلاس آبدوز ’’غازی‘‘ کو کامیابی کے ساتھ لانچ کر دیا گیا، جو پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں ایک اور اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہینگر کلاس کی چوتھی آبدوز ’’غازی‘‘ کی لانچنگ تقریب چین کے شہر ووہان میں واقع شوانگ لیو بیس پر منعقد ہوئی۔ اس موقع کو پاکستان اور چین کے درمیان گہرے دفاعی تعاون کی ایک نمایاں مثال قرار دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چین میں زیرِ تعمیر ہینگر کلاس آبدوزیں اب سمندری آزمائشوں (Sea Trials) کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ آزمائشی مراحل کی تکمیل کے بعد یہ جدید آبدوزیں جلد پاکستان بحریہ کے حوالے کر دی جائیں گی، جس سے خطے میں پاکستان کی بحری طاقت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
بیان کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان ہینگر کلاس کی مجموعی طور پر 8 آبدوزوں کے حصول کا معاہدہ طے پایا تھا۔ ان میں سے 4 آبدوزیں چین میں جبکہ 4 کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے تحت تیار کی جا رہی ہیں، جو پاکستان کے دفاعی صنعتی شعبے کے لیے بھی ایک بڑی پیش رفت ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہینگر کلاس آبدوزیں جدید ترین ہتھیاروں، جدید سینسرز اور دور مار صلاحیت سے لیس ہوں گی، جو دشمن کے اہداف کو طویل فاصلے سے مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ یہ آبدوزیں نہ صرف پاکستان کی بحری سرحدوں کے تحفظ کو مضبوط بنائیں گی بلکہ بحیرۂ عرب میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گی۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ہینگر کلاس آبدوزوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی ڈیٹرنس صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور یہ منصوبہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔
