گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
انتہائی گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران، وزیر اعظم شہباز شریف نے حرمین شریفین کے خادم شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے ساتھ ساتھ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے اپنے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا، جو حالیہ مہینوں کے دوران نئی بلندیاں حاصل کر چکے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال اور خطے کی موجودہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مملکت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔
اس دوران وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا اور پاک سعودی تعلقات کو ہر موڑ پر مضبوط سے مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلی فون کال کے دوران وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کا عندیہ دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے آنے والے سال میں پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کا بھی اظہار کیا۔
