پاکستان اور مصر کے درمیان مجرموں کی حوالگی اور تبادلے کے حوالے سے اصولی اتفاقِ رائے ہو گیا ہے، جسے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ویزا پالیسیوں میں نرمی اور ممکنہ خاتمے سے دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا اور عوامی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
یہ پیش رفت پیر کے روز اس وقت سامنے آئی جب وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبد الحمید نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان سکیورٹی تعاون، انسدادِ منشیات، مجرموں کی حوالگی اور سیاحت کے فروغ سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جرائم کی روک تھام، منشیات کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اور سکیورٹی معلومات کے تبادلے سے نہ صرف خطے میں امن کو تقویت ملے گی بلکہ دونوں ممالک کے ادارہ جاتی تعلقات بھی مضبوط ہوں گے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان مصر کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے اور سیاحت، عوامی روابط اور سکیورٹی شراکت داری کو نئی سطح تک لے جانا وقت کی ضرورت ہے۔
مصری سفیر نے بھی پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
