چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی کو لاحق خطرات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی کا واضح اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ پاک فوج کا اولین اور غیر متزلزل مشن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، دفاعی حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے فارمیشن کے زیرِ اہتمام مختلف تربیتی مشقوں کا بھی مشاہدہ کیا اور مستقبل کی جنگوں کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق جدت، ٹیکنالوجی اور جدید حربی تیاریوں کو اپنانے پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے جوانوں کے لیے فراہم کردہ کھیلوں اور تفریحی سہولتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سپاہیوں کی جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی اور بلند مورال کسی بھی کامیاب فوج کی بنیاد ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاک فوج اپنے جوانوں کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ اولین ترجیح دیتی ہے۔
دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز نے سی ایم ایچ لاہور کے ہائی کیئر سینٹر کا بھی معائنہ کیا جہاں انہوں نے طبی عملے اور انتظامیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
لاہور گیریژن میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار اور ثابت قدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، فولادی نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کے جذبے کو فروغ دے رہی ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے مزید کہا کہ پاک فوج جدید عسکری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی سکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک کے دفاع کے لیے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔
