اسلام آباد / منامہ:بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو پاکستان اور بحرین کے تعلقات کے فروغ میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز، شیخ عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ فرسٹ کلاس، سے نوازا۔ یہ اعزاز صدر زرداری کو قُدیبیہ پیلس میں پیش کیا گیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
صدر زرداری نے اس موقع پر شاہ بحرین کے لیے اپنے تاثرات قُدیبیہ پیلس کی وزیٹرز بک میں قلمبند کیے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے جامع گفتگو کی اور دوطرفہ تعاون کو عملی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر زرداری کے ہمراہ خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور وزیر زراعت بلوچستان میر علی حسن زہری بھی موجود تھے۔ صدر نے شاہ بحرین کے ساتھ پہلے انفرادی ملاقات میں پاکستان اور بحرین کے تعلقات کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور ان کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
تفصیلی اجلاس میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عملی طریقوں پر غور کیا گیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان مضبوط سیاسی تعلقات کو بڑھتی ہوئی تجارت اور گہرے سرمایہ کاری روابط میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے بحرینی سرمایہ کاروں کو زراعت، غذائی تحفظ، آئی ٹی، ڈیجیٹل سروسز، صحت، سیاحت اور انفراسٹرکچر جیسے ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے کردار کو اجاگر کیا۔
صدر زرداری نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو دو طرفہ تعلقات کا اہم ستون قرار دیا اور اسے مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔ علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت غیر یقینی اور تیز رفتار تبدیلیوں کے دور سے گزر رہی ہے اور ایسے میں اقوام کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اتحاد، بردباری، دانشمندی اور تحمل کو اس صورتحال کا لازمی تقاضا قرار دیا۔
صدر زرداری نے بحرین میں مقیم پاکستانی برادری کو دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل قرار دیا اور بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ وہ مملکت میں مقیم ایک لاکھ 16 ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کو عزت، مواقع اور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے بحرین کی ترقی میں مثبت کردار کو بھی سراہا اور اسلام آباد میں کنگ حمد یونیورسٹی برائے نرسنگ و الائیڈ میڈیکل سائنسز کے قیام کو دونوں ممالک کی دوستی کی پائیدار علامت قرار دیا۔
شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے صدر زرداری کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور بحرین کو تاریخی، اسلامی اور برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ممالک قرار دیا اور صدر کے دورے کو دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے پاکستانی برادری کے کردار کو سراہا اور عرب و اسلامی دنیا کے مسائل میں پاکستان کی حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم عبدالقادر اور بحرین میں پاکستان کے سفیر ثاقب رؤف موجود تھے، جبکہ بحرینی وفد میں بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اور وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی شامل تھے۔
