گورنر پنجاب سردار سلیم خان نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اللہ کی طرف سے پاکستان کے لیے ایک عظیم انعام ہیں اور وہ ایک نہایت ایماندار، محب وطن اور باکردار انسان ہیں۔
لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دلی خواہش ہے کہ وہ اپنے ملک کے لیے کچھ کر کے دکھائیں، جبکہ مسلح افواج کے تینوں سربراہان بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جنگ جیتنے کے بعد تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پوری دنیا پاکستان کی بات توجہ سے سن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حالات ایسے تھے کہ ہمارے صدر اور وزیراعظم کو امریکی حکمرانوں کے ساتھ ناشتہ کرنے کے لیے بھی قیمت چکانا پڑتی تھی، مگر آج صورتحال بدل چکی ہے۔
سردار سلیم خان نے کہا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ امریکی صدر خود پاکستانی قیادت کو دعوت دے رہا ہے، جو پاکستان کی بدلتی ہوئی عالمی حیثیت کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کبھی جنگ کا خواہاں نہیں رہا، ہمیشہ بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی جاتی ہے، جبکہ پاکستان امن، استحکام اور خطے کی بہتری چاہتا ہے۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف کو پیشکش کی تھی، تاہم پی ٹی آئی کے انکار کے بعد پیپلزپارٹی کو مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو پنجاب اور سندھ میں عزت ملی، مگر افسوس کہ انہوں نے اس عزت کا پاس نہیں رکھا، جو سیاسی روایات کے خلاف ہے۔
