بیونس آئرس/اسلام آباد: جنوبی امریکا میں واقع ملک ارجنٹینا پاکستان سے 12 جدید جے ایف-17 تھنڈر جنگی طیارے خریدنے کا خواہشمند ہے۔ دفاعی امور پر گہری نظر رکھنے والی معروف ویب سائٹ یوکے ڈیفنس جرنل کے مطابق ارجنٹینا نے ان طیاروں کی خریداری کے لیے بجٹ کا مسودہ اپنی کانگریس میں پیش کر دیا ہے، جو اس ممکنہ دفاعی معاہدے کی جانب ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
چند روز قبل اوپن سورس انٹیلیجنس سے منسلک ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ ارجنٹینا نے اس مقصد کے لیے 664 ملین ڈالرز بھی بجٹ میں مختص کر دیے ہیں۔ تاہم تاحال پاکستان یا ارجنٹینا کی جانب سے اس خبر کی سرکاری سطح پر تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
دفاعی رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا ایئر فورس نے روس، امریکا اور بھارت کی پیشکشوں کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان کے جے ایف-17 تھنڈر کا انتخاب کیا ہے۔ مجوزہ معاہدے کے تحت 12 طیاروں میں سے 10 سنگل سیٹر بلاک تھری جبکہ 2 ڈوئل سیٹر بلاک تھری طیارے شامل ہوں گے۔
PAC JF-17A بلاک III ایک جدید، سپرسونک، ملٹی رول 4+ جنریشن جنگی طیارہ ہے، جو فضائی برتری، زمینی اہداف پر حملے، دشمن طیاروں کے تعاقب اور جاسوسی و نگرانی کے مشنز انجام دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ طیارہ پاکستان اور چین کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے اور جدید ایویونکس، ریڈار سسٹمز اور ہتھیاروں سے لیس ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اگر یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو یہ پاکستان کی دفاعی برآمدات کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی اور لاطینی امریکا میں پاکستانی دفاعی صنعت کے لیے نئے دروازے کھل سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا نے بھی پاکستان سے جے ایف-17 تھنڈر طیارے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی، تاہم وہ معاہدہ تاحال حتمی مرحلے تک نہیں پہنچ سکا۔
