افغانستان کی وزارتِ خارجہ نے اسلام آباد کی ایک مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
افغان وزارتِ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد پر حملے کے نتیجے میں نمازیوں کی شہادت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ بیان میں متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مساجد اور دیگر مقدس مذہبی مقامات کو نشانہ بنانا اسلامی اور انسانی اقدار کے سراسر منافی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عبادت گزاروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے والے حملے نہ صرف ناقابلِ قبول ہیں بلکہ ہر سطح پر قابلِ مذمت بھی ہیں۔
افغان وزارتِ خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عبادت گاہوں کا احترام اور شہریوں کا تحفظ تمام معاشروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ایسے واقعات خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسلام آباد میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے نے پورے ملک میں غم اور تشویش کی فضا پیدا کر دی ہے۔
