فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے جہاں انہوں نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات، اسٹرٹیجک دفاعی شراکت داری اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے فروغ، دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور اعلیٰ قیادت کی جانب سے طے پانے والے مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر دوطرفہ عسکری تعاون، تربیتی پروگرامز، دفاعی پیداوار اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اشتراک عمل کو مزید مؤثر بنانے پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے متعدد امور زیر بحث آئے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو پاکستان–سعودی تعلقات کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا گیا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھیں گے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں سیکیورٹی چیلنجز اور تزویراتی تبدیلیاں نمایاں ہیں، جس کے پیش نظر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی ہم آہنگی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
