پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی حکومت اور عوام پاکستان کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہوتے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان کے مختلف اضلاع کے مستحق افراد کے لیے رمضان پیکج کی روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سفیر المالکی نے بتایا کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے ماہِ رمضان کے موقع پر پاکستان کے 30 اضلاع میں غذائی امداد کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدام فوڈ باسکٹ پروجیکٹ (5) پاکستان 2026 کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد غذائی عدم تحفظ کا شکار 192,500 مستحق افراد کو ضروری خوراک فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر فوڈ پیکج کا وزن 97 کلوگرام ہے، جو ایک خاندان کی رمضان کے پورے مہینے کی ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ پیکج میں 80 کلو آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل، 5 کلو چینی، 2 کلو کھجوریں اور 5 کلو دال چنا شامل ہیں۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مطابق تقسیم کا عمل شفاف اور مربوط انداز میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور شراکت دار ادارے فلاحی اداروں کے تعاون سے انجام دیا جا رہا ہے۔
وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں مزید وسعت اور گہرائی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت ہر موقع پر پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ماہِ رمضان میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے عوام کو خصوصی اہمیت دی۔
سردار محمد یوسف نے مزید کہاپاکستان اور سعودی عوام ایک جان دو قالب ہیں اور سعودی حکومت ہر مرتبہ عملی ثبوت فراہم کرتی ہے کہ وہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج کی بہادری نے ملک کو عالمی سطح پر ایک مضبوط مقام دلایا ہے، اور اس کی بنیاد پر دونوں ممالک کے تعلقات اور بھی مستحکم ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف رمضان کے بابرکت موقع پر مستحق افراد کے لیے امداد کا ذریعہ ہے بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ دوستانہ تعلقات میں تعاون اور اعتماد کی مضبوط علامت بھی ہے۔
