روم: اٹلی نے پاکستان کے لیے قانونی ہجرت کے دروازے کھولتے ہوئے ہنر مند افراد کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کر دیا۔اٹلی کے وزیر داخلہ Matteo Piantedosi میٹیو پینٹے ڈوسی نے کہا ہے کہ قانونی ہجرت کے تحت پاکستانی اسکلڈ لیبر کے لیے ساڑھے دس ہزار ویزے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ پاکستانی سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا سے استثنیٰ دیا جائے گا۔
یہ اعلان وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے روم میں ہونے والی اہم ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں داخلی سلامتی، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔روم میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ، انسداد منشیات اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر گفتگو کی۔ اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ محسن نقوی نے کچھ عرصہ قبل سفارتی پاسپورٹ پر ویزا استثنیٰ کی تجویز دی تھی، جس پر اب مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اٹلی قانونی ہجرت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے اور ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔محسن نقوی نے اطالوی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر سخت نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف بھی مؤثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف پاکستان کی پالیسی اور عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں پاکستان کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قانونی ہجرت کو فروغ دینے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان کے ہنر مند افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی بلکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو بھی مزید مستحکم بنائے گی۔
