کراچی / اسلام آباد:پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت اور حالیہ دنوں میں قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد عوام کیلئے ایک مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پورٹ قاسم پر پیٹرول اور ڈیزل سے بھرے جہازوں کی آمد شروع ہو گئی ہے جس سے آئندہ دنوں میں ایندھن کی فراہمی میں بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
پورٹ قاسم حکام کے مطابق گیس آئل بردار جہاز ایم ٹی ٹورم دامینی (MT Torm Daminni) فوٹکو آئل ٹرمینل پر لنگر انداز ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ ایم ٹی ناوے ایٹروپوس (MT Nave Atropos) بھی تقریباً 50 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول کے ساتھ پورٹ قاسم پہنچ گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید جہاز بھی پاکستان کی بندرگاہ پر پہنچ رہے ہیں۔ ایم ٹی اسپروس 2 نامی جہاز 55 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول لے کر آج پورٹ قاسم پہنچے گا جبکہ ایم ٹی سی کلپر نامی جہاز 34 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول کے ساتھ 11 مارچ کو دوپہر 12 بجے پورٹ قاسم پہنچنے کی توقع ہے۔
پورٹ قاسم کے ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے فجیرہ پورٹ سے آنے والا ایک اور جہاز بھی بندرگاہ پر پہنچ چکا ہے جبکہ آئندہ دنوں میں مزید پیٹرول بردار جہازوں کی آمد متوقع ہے تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول بردار جہازوں کی آمد سے ملک میں سپلائی چین بہتر ہونے کی توقع ہے۔ ان کے مطابق حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی کھیپ کی آمد سے نہ صرف ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت میں کمی آئے گی بلکہ آئندہ چند دنوں میں ایندھن کی ترسیل کا نظام بھی بتدریج معمول پر آنے کی امید ہے، جس سے ٹرانسپورٹ، صنعت اور عام صارفین کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
