عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باوجود وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام سے کیا گیا وعدہ نبھاتے ہوئے اس مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عام آدمی پر مزید مالی بوجھ نہ پڑے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجود ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ “عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے اس مرتبہ قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا اور ہم اپنی استطاعت کے مطابق عوام کو سہولت فراہم کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت خطے میں کشیدگی اور عالمی حالات کے باعث عالمی معیشت دباؤ کا شکار ہے جس کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ تاہم حکومت بروقت پالیسی سازی، مالی نظم و ضبط اور بچت اقدامات کے ذریعے اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے معاشی استحکام کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں اور مشکل حالات کے باوجود معیشت کو سنبھالنے کی کوشش جاری ہے تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بطور خادمِ پاکستان انہوں نے عزم کیا ہے کہ ملک میں مشکل معاشی حالات کا بوجھ سب سے پہلے اشرافیہ اور حکومتی اخراجات میں کمی کے ذریعے کم کیا جائے گا۔
انہوں نےبتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سےکفایت شعاری اوراخراجات میں کمی کےاقدامات جاری ہیں جبکہ صوبائی حکومتیں بھی ان اقدامات میں وفاق کابھرپور ساتھ دےرہی ہیں،جوایک مثبت پیش رفت ہے۔
تیل کی فراہمی برقرار رکھنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور حکومت کی سفارتی و معاشی ٹیم کی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان کی ضروریات کے مطابق خام تیل کی مناسب مقدار دستیاب ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ کوئی بھی تاجر یا پمپ مالک حکومت کی مقرر کردہ قیمت سے زیادہ وصولی نہ کرے۔ اس حوالے سے سخت نگرانی کا نظام بھی نافذ کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ عالمی حالات جلد بہتر ہوں گے اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے گا جس سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کو بھی معاشی ریلیف مل سکے گا
