سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے ملک کی موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پارلیمنٹ کا ان کیمرا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان اس وقت اہم اور نازک حالات سے گزر رہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ قومی سطح پر سنجیدہ مشاورت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ملک کا سب سے بڑا جمہوری ادارہ ہے اور ایسے اہم معاملات پر تمام سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور اس کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہوگا اور قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی قیادت کو متحد ہو کر حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کو بھی باہمی اتحاد اور مشاورت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا اور آنے والے وقت کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اندرونی سیاسی حالات کے باعث قومی سطح پر اہم فیصلوں کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ ایسے میں پارلیمنٹ کا ان کیمرا اجلاس قومی سلامتی اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment