اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے یومِ پاکستان 23 مارچ 2026 کے موقع پر منعقد ہونے والی مرکزی پریڈ اور دیگر بڑی سرکاری تقریبات منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ خلیجی تیل بحران اور حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ معاشی حالات کے تحت اخراجات میں کمی ناگزیر ہو چکی ہے، اسی لیے روایتی فوجی پریڈ اور بڑے پیمانے کی تقریبات کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ یومِ پاکستان کو مکمل طور پر نظر انداز نہیں کیا جائے گا بلکہ اسے سادہ، باوقار اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں محدود پیمانے پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی تاکہ اس دن کی تاریخی اہمیت اور پیغام کو برقرار رکھا جا سکے۔
حکومت نے تمام وزارتوں، شعبہ جات اور سرکاری اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اس قومی دن کو سادگی، وقار اور ذمہ داری کے ساتھ منائیں اور غیر ضروری اخراجات سے مکمل گریز کریں۔
اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایک جانب قومی وسائل کا مؤثر اور دانشمندانہ استعمال یقینی بنانا ہے جبکہ دوسری جانب قوم کے عزم، استقامت اور قراردادِ پاکستان کے نظریات سے وابستگی کو برقرار رکھنا بھی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی، سادگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ وقت کی اہم ضرورت ہے، اور یہی پیغام اس سال یومِ پاکستان کے موقع پر اجاگر کیا جائے گا۔
