وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیرقانونی طریقے سے پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایسے افراد کو فوری طور پر قومی ڈیٹا بیس سے خارج کیا جائے۔
وزیر داخلہ نے یہ ہدایات نادرا کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر جاری کیں، جہاں انہیں چیئرمین نادرا کی جانب سے ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران محسن نقوی نے نادرا کی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ قومی شناخت کے نظام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، تاہم اس نظام کو مزید شفاف اور محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے واضح ہدایت دی کہ ایسے تمام افراد جنہوں نے غیرقانونی ذرائع سے پاکستانی شہریت یا شناختی دستاویزات حاصل کی ہیں، انہیں فوری طور پر نادرا کے ڈیٹا بیس سے نکالا جائے اور اس حوالے سے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قومی شناختی نظام کی ساکھ برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے اور کسی بھی غیرقانونی اندراج کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اس عمل کو تیز، شفاف اور قانون کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نادرا کو مزید مضبوط اور جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی کے تقاضوں کو بھی یقینی بنایا جا سکے
