اسلام آباد میں ایران کے اعلیٰ سطحی وفد کی آمد کے موقع پر ایک انتہائی دل دہلا دینے والا اور جذباتی منظر سامنے آیا، جس نے دیکھنے والوں کو افسردہ کر دیا۔
محمد باقر قالیباف نے پاکستان کے لیے پرواز کے دوران ایک تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ “یہ طیارے میں میرے احباب ہیں”۔ اس تصویر میں نشستوں پر ایران کے ان معصوم بچوں کی تصاویر رکھی گئی تھیں جو امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں شہید ہو گئے تھے۔
تصاویر کے ساتھ بچوں کے بستے اور جوتے بھی رکھے گئے تھے، جو اس سانحے کی شدت اور دکھ کو مزید نمایاں کر رہے تھے۔ اس خصوصی پرواز کو “مناب 168” کا نام دیا گیا، جو 28 فروری کو مناب کے ایک اسکول پر ہونے والے حملے کی یاد دلاتا ہے، جس میں 168 معصوم جانیں ضائع ہو گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وفد ان تصاویر اور یادگار اشیاء کو اپنے ساتھ اس لیے لے کر آیا ہے تاکہ اسلام آباد میں امریکا کے ساتھ ہونے والے اہم مذاکرات سے قبل عالمی برادری کو جنگ کے انسانی پہلو اور اس کے تباہ کن اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ ایران کا اعلیٰ سطحی وفد ان مذاکرات میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ چکا ہے، جہاں خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور ممکنہ امن معاہدے پر بات چیت متوقع ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی وفد کا یہ اقدام ایک مضبوط علامتی پیغام ہے، جس کا مقصد نہ صرف مذاکرات پر اثر انداز ہونا ہے بلکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا بھی ہے تاکہ جنگ کے انسانی نقصانات کو نظرانداز نہ کیا جا سکے۔
