اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب کے اہم سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں ان کی ملاقات سعودی قیادت سے متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے باضابطہ دعوت دی گئی ہے، جس کے بعد ان کے دورے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ریاض میں سعودی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقات کریں گے، جس میں باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے بعد خطے کی سفارتی صورتحال میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے باعث اس دورے کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مالی تعاون اور اقتصادی معاملات پر بھی بات چیت متوقع ہے، جس میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کے امکانات زیر غور آئیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی سعودی عرب جائے گا، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہوں گے۔مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اگر اپنے دورۂ امریکا سے بروقت واپس آ گئے تو وہ بھی اس وفد کا حصہ ہوں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، جس کے دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
