وساکھی میلے اور خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے آنے والے تقریباً 2200 سکھ یاتری گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کا دورہ مکمل کرنے کے بعد گردوارہ دربار صاحب کرتارپور کے لیے روانہ ہو گئے۔
ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق کے مطابق سکھ یاتری کرتارپور میں دو روز قیام کریں گے، جہاں وہ اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ ان کے مطابق یاتریوں کے لیے سکیورٹی اور انتظامی سہولیات کو خصوصی طور پر یقینی بنایا گیا ہے۔
کرتارپور آمد پر بھارتی یاتریوں کے اعزاز میں گردوارہ دربار صاحب کے بیرونی احاطے میں روایتی پنجابی ثقافتی کھیل کبڈی کا بھی اہتمام کیا گیا، جس نے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔
شیڈول کے مطابق یاتری 17 اپریل کو گردوارہ روڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کرنے کے بعد لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ گردوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کریں گے۔ بعد ازاں 19 اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے یہ یاتری واپس بھارت روانہ ہوں گے۔
اس سے قبل ناصر مشتاق اور کیئر ٹیکر عصمت اللہ نے گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سے یاتریوں کی روانگی کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ پنجاب پولیس کے سخت سکیورٹی حصار میں یاتریوں کو تین مختلف قافلوں کی صورت میں ان کی اگلی منزل کی طرف روانہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment