ایبٹ آباد: پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں 153ویں پی ایم اے لانگ کورس اور 38ویں ٹیکنیکل گریجویٹس کورس کے کیڈٹس نے حصہ لیا، جنہوں نے اپنی تربیت کامیابی سے مکمل کی۔ مہمانِ خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں شمشیرِ اعزاز سمیت دیگر اعزازات تقسیم کیے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ گزشتہ برس مئی میں ہونے والے آپریشنز میں دشمن پاکستان کی عسکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت دیکھ کر دنگ رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے طیارے گرائے بلکہ ایک نئی تاریخ بھی رقم کی۔
انہوں نے عالمی امن کے لیے سیاسی و عسکری قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خصوصاً سید عاصم منیر کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ائیر چیف نے کیڈٹس کو پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور حوصلے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنی عملی زندگی میں نظم و ضبط، دیانت داری اور جدید ٹیکنالوجی پر عبور کو اپنا شعار بنائیں، کیونکہ جدید جنگی حکمت عملی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی دنیا کی بہترین عسکری درسگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے افسران کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔
تقریب میں اعلیٰ عسکری و سول حکام کے علاوہ مختلف ممالک کے غیر ملکی مندوبین نے بھی شرکت کی۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آخر میں ائیر چیف مارشل نے کیڈٹس کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور تربیت ہی ان نوجوان افسران کی کامیابی کی بنیاد ہے، اور یہی نوجوان پاکستان کے روشن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں۔
