انطالیہ/اسلام آباد: شہباز شریف سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے کامیاب سفارتی دورے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔انطالیہ سے روانگی کے موقع پر وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ انطالیہ کے دورے کی خوشگوار یادیں اپنے ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان کا مؤقف، علاقائی و عالمی صورتحال اور امن کے قیام کے لیے ملکی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم نے سعودی عرب اور قطر کی قیادت سے بھی اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، معاشی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں اسحاق ڈار، عطاء اللہ تارڑ، طارق فاطمی اور مشرف زیدی شامل تھے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ پاکستان کی فعال سفارتکاری اور خطے میں امن کے لیے مثبت کردار کو اجاگر کرتا ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت مزید بڑھ سکتی ہے۔
