اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع تمام وزارتوں، ڈویژنز اور وفاقی اداروں میں آج گھر سے کام کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام افسران اور عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہر میں موجود رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔
دوسری جانب وفاقی آئینی عدالت میں آج عدالتی کام معطل رہے گا۔ عدالت کے اعلامیے کے مطابق ریڈ زون کی بندش کے باعث اسلام آباد میں کسی بھی مقدمے کی سماعت نہیں ہوگی۔ چیف جسٹس کی ہدایت پر ایک روزہ عدالتی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
وفاقی آئینی عدالت کی اکیس اپریل کی کاز لسٹ بھی منسوخ کر دی گئی ہے، جبکہ عدالتی عملہ گھروں سے اپنے فرائض انجام دے گا۔ حکام کے مطابق عدالتی افسران اپنی تعیناتیوں پر موجود رہیں گے اور برانچ رجسٹریاں عدالتی و انتظامی امور کے لیے کھلی رہیں گی۔
اسی طرح اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھی اکیس اپریل کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رجسٹرار کے مطابق ریڈ زون کی بندش کے باعث عدالت کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدامات سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے اور نظم و نسق کو برقرار رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment