اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی اور تحریک انصاف کی قیادت کے درمیان اختلافات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، ذرائع کے مطابق اہم فیصلوں میں اعتماد میں نہ لیے جانے پر محمود اچکزئی ناراض ہو گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نو اور انیس اپریل کو ہونے والے جلسوں کے اعلان سے قبل محمود اچکزئی سے مشاورت نہیں کی گئی، جبکہ جلسوں کے اعلان کے بعد بعض رہنماؤں نے انہیں اس بارے میں آگاہ کیا، جس پر انہوں نے ناراضی کا اظہار کیا۔
اطلاعات کے مطابق اسی ناراضی کے باعث محمود اچکزئی نے مردان میں ہونے والے جلسے میں شرکت نہیں کی، جسے سیاسی حلقوں میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ادھر تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر معاملات کو بہتر بنانے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے سہیل آفریدی سے ملاقات کی، جس میں محمود اچکزئی سے مشاورت کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
بیرسٹر گوہر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمود اچکزئی اتحادی ہیں اور ان کے ساتھ کسی قسم کی بداعتمادی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات ہوئی ہے، تاہم وہ جماعت کے اندرونی معاملات پر بات نہیں کر سکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف ہر فیصلے میں اتحادیوں کو شامل کرنے کی کوشش کرتی ہے اور اگر محمود اچکزئی کسی وجہ سے ناراض ہیں تو ان کی ناراضی دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اتحادی جماعتوں کے درمیان اس نوعیت کے اختلافات آئندہ سیاسی حکمت عملی پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، تاہم قیادت کی جانب سے بروقت اقدامات سے صورتحال کو سنبھالا جا سکتا ہے۔
