اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار جس تاریخی کردار کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اس کے نتیجے میں پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہو رہی ہے۔
گلگت بلتستان پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے زیادہ کوئی جماعت گلگت بلتستان کے مسائل اور ضروریات کو نہیں جانتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں کی تعمیر کسی پر احسان نہیں بلکہ عوام کی بنیادی ضرورت ہے، جسے مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے عملی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف گلگت بلتستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ان کا جذبہ اس خطے کے لیے ویسا ہی ہے جیسا خود ان کا رہا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور دفاعی، سیاسی اور معاشی میدان میں اپنا مؤثر کردار ادا کر چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں ساٹھ ارب روپے سے زائد لاگت سے سڑکوں کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، جن سے فاصلے کم ہوئے اور علاقے میں سیاحت کو نمایاں فروغ ملا ہے، جس کے باعث دنیا بھر سے سیاح اس خطے کا رخ کر رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے محض دعوے نہیں کیے بلکہ عملی طور پر ترقیاتی کام کر کے دکھائے ہیں، جبکہ اسلام آباد اور پنجاب میں بھی بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔
انہوں نے خیبر پختونخوا میں طویل عرصے سے حکومت کرنے والی جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھایا کہ پندرہ سال سے اقتدار میں رہنے کے باوجود وہاں کون سے فلاحی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں

Add A Comment