ملتان کے معروف طبی ادارے نشترہسپتال میں پہلی بار لیپروسکوپک سرجری سروسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جسے اسپتال انتظامیہ نے ایک اہم اور تاریخی طبی پیش رفت قرار دیا ہے۔
اسپتال ترجمان کے مطابق اس جدید سہولت کے آغاز کے موقع پر شعبۂ ایمرجنسی میں ایک افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جس میں سینئر ڈاکٹرز، سرجنز اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔
نائب وائس چانسلر نشتر اسپتال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج شعبۂ سرجری کے لیے ایک تاریخی دن ہے، کیونکہ جدید اور کم تکلیف دہ جراحی طریقۂ علاج کا آغاز ہو چکا ہے، جو مریضوں کے لیے نہایت فائدہ مند ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ لیپروسکوپک سرجری کے ذریعے آپریشن کم چیرا لگا کر کیا جاتا ہے، جس سے مریض کو کم درد ہوتا ہے، صحتیابی کا عمل تیز ہوتا ہے اور اسپتال میں قیام کا دورانیہ بھی کم ہو جاتا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق اس سہولت سے بالخصوص غریب مریضوں کو نمایاں فائدہ پہنچے گا، کیونکہ یہ طریقہ علاج نسبتاً کم خرچ اور زیادہ مؤثر ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اس سروس کے آغاز سے جنوبی پنجاب کے مریضوں کو جدید سرجری کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، جس سے نہ صرف وقت بلکہ اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے خطے میں صحت کی سہولتوں کے معیار میں بہتری آئے گی اور مریضوں کو جدید طبی سہولیات مقامی سطح پر میسر ہوں گی
