حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ علاقائی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہو رہا ہے، جس کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ معاہدوں کے تحت حکومت کو یہ اضافہ صارفین تک منتقل کرنا پڑا۔
وزیرِ پیٹرولیم کے مطابق حکومت نے جہاں تک ممکن ہوا عالمی قیمتوں کے دباؤ کو خود برداشت کیا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں نے ماضی میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں جلد امن قائم ہوگا جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان پیدا ہو سکے گا۔
ماہرین کے مطابق قیمتوں میں اس اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور ٹرانسپورٹ سمیت روزمرہ اشیاء کی قیمتوں پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوں گے
