پاکستان کی پاک فوج کے شعبۂ راکٹ فورس کمانڈ نے جدید فتح ٹو میزائل سسٹم کی کامیاب تربیتی مشق مکمل کر لی ہے، جسے دفاعی میدان میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل سسٹم جدید ترین ایویونکس اور نیوی گیشنل ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جبکہ اس کامیاب مشق سے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
بیان کے مطابق مقامی سطح پر تیار کردہ فتح ٹو میزائل سسٹم کے مختلف سب سسٹمز کی کارکردگی اور تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کی گئی۔ تربیتی فائر کا مقصد نظام کی درستگی اور مؤثر کارکردگی کا جامع جائزہ لینا تھا۔
مشق کے دوران اسٹریٹجک پلانز ڈویژن اور سینئر عسکری حکام نے مشاہدہ کیا اور سسٹم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق فتح سیریز کی کامیاب مشق پر اعلیٰ قیادت نے ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور تکنیکی کاوشوں کو سراہا، جبکہ اس پیش رفت کو ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق جدید میزائل ٹیکنالوجی میں پیش رفت نہ صرف دفاعی خود انحصاری کی عکاس ہے بلکہ خطے میں اسٹریٹجک توازن کو برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے
