اسلام آباد: وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون اور صحت کے شعبے میں جاری منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ کنگ سلمان اسپتال کا قیام دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوط علامت ہوگا اور یہ منصوبہ پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سعودی عرب کے عزم کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کنگ سلمان اسپتال کی تعمیر حکومت کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل ہے اور وہ ذاتی طور پر اس منصوبے کے تمام امور کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ اس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔
وفاقی وزارت صحت کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں کنگ سلمان اسپتال منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت نے پاکستان کے شعبہ صحت میں سعودی عرب کی مسلسل معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے نہ صرف طبی سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ عوام کو جدید علاج کی سہولت بھی میسر آئے گی۔
اعلامیے کے مطابق اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اپنے ملک کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم پاکستان بھی اس اہم منصوبے کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اسے مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے

Add A Comment