ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے اعلان کیا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کے اجرا کی سروس دوبارہ بحال کر دی گئی ہے، جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی سہولت پیدا ہو گئی ہے۔
ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا کے مطابق پاسپورٹ ہیڈکوارٹر میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کو دور کر دیا گیا ہے، جس کے بعد چار روز کے وقفے کے بعد عالمی سطح پر پاسپورٹ اجرا کا نظام مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس فنی مسئلے کے باعث سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یورپ میں پاسپورٹ آپریشن عارضی طور پر معطل ہو گیا تھا، جس سے ہزاروں پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتی مشنز میں پاسپورٹ سروس دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ ابوظبی میں پاکستان سفارتخانے اور دبئی میں قونصل خانے میں شہریوں کو معمول کے مطابق پاسپورٹ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
اسی طرح سعودی عرب میں بھی پاکستانی سفارتی مشنز میں پاسپورٹ سروس بحال کر دی گئی ہے، جس کے بعد وہاں مقیم پاکستانیوں کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق نظام کی مکمل بحالی کے بعد تمام درخواستوں کو معمول کے مطابق پراسیس کیا جا رہا ہے۔
