امریکی محکمۂ خارجہ نے پشاور میں قائم امریکی قونصل خانے کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد خیبر پختونخوا سے متعلق سفارتی امور اب اسلام آباد میں موجود امریکی سفارت خانے کے سپرد کر دیے جائیں گے۔
جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ سفارتی عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پشاور میں قونصل خانے کی بندش کے باوجود پاکستان میں امریکی پالیسی ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ روابط بدستور جاری رکھے جائیں گے، جن کا مقصد اقتصادی تعاون کو فروغ دینا، علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانا اور دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینا ہے۔
محکمۂ خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان میں امریکی مشن اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں موجود اپنے دیگر سفارتی دفاتر کے ذریعے سرگرم رہے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے
