نامور سماجی کارکن شیما کرمانی اور انسانی حقوق کی خواتین کارکنوں کی گرفتاری اور مبینہ بدسلوکی کے معاملے پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے، جس کے بعد متعلقہ پولیس افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈی ایس پی صدر ناصر آفریدی، ایس ایچ او ویمن تھانہ حنا مغل اور ایس ایچ او آرٹلری میدان تھانہ ندیم حیدر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام واقعے پر بڑھتی ہوئی تشویش اور عوامی ردعمل کے بعد اٹھایا گیا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال پر حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ خواتین کے احترام اور ان کے بنیادی حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا، اور اگر کسی اہلکار کی غفلت یا زیادتی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واقعے کے بعد شہری حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی سامنے آ رہا ہے۔
