سعودی عرب میں فارمیسی کے شعبے میں سعودائزیشن پر مرحلہ وار عمل جاری ہے اور اس کا نیا مرحلہ آج سے شروع ہو رہا ہے۔ سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی اور وزارت صحت کے تعاون سے اس عمل کو مکمل کرنے کے لیے مختلف مراحل کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ سعودی مرد و خواتین کو اس شعبے میں زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
سعودی عرب کی فارمیسی مارکیٹ میں سعودائزیشن کا نیا مرحلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی کمیونٹی فارمیسز میں 35 فیصد سعودی افراد کو روزگار دینا ضروری ہوگا۔ اسی طرح ہسپتال فارمیسی میں 65 فیصد اور دیگر فارمیسز میں 55 فیصد سعودی شہریوں کو ملازمت دی جائے گی۔ وزارت افرادی قوت نے تمام فارمیسی مالکان اور اداروں کو پہلے ہی اس بات کی اطلاع دے دی ہے، تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔
یہ سعودائزیشن مملکت کے مختلف فارمیسی شعبوں جیسے جنرل فارماسسٹ، کلینکل فارماسسٹ، ادارتی فارماسسٹ اور فارمیسی ٹیکنیشنز پر لاگو ہو گی۔ سعودی حکومت کا مقصد سعودی شہریوں کو اپنے ملک میں روزگار کے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔
مملکت میں فارمیسیوں کی کل تعداد 14 ہزار کے قریب ہے، جن میں نجی اور کمپنیوں کی فارمیسیوں کا تناسب 80 سے 85 فیصد تک ہے، جبکہ ہسپتالوں اور طبی مراکز کی فارمیسیوں کا تناسب 15 سے 20 فیصد کے درمیان ہے۔
سعودی عرب میں سعودائزیشن کے اس عمل کا مقصد نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھانا ہے بلکہ یہ مملکت کی اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا، جس سے سعودی شہریوں کی مجموعی معاشی حالت میں بہتری آئے گی۔
