سعودی فالکن کلب کے تحت ریاض کے شمال میں واقع ’ملہم‘ میں اس سال کا ’انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن‘ 5 اگست 2025 سے شروع ہو رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق یہ ایونٹ 21 دنوں تک جاری رہے گا اور25 اگست 2025 کو اختتام پذیر ہوگا، جس میں دنیا بھر سے فالکنری کے شوقین افراد اور سرمایہ کاروں کو شرکت کا موقع ملے گا۔
اس سال کی نیلامی میں یورپ، امریکہ، ایشیا کے متعدد بین الاقوامی فارمز اور مقامی سعودی فارمز کی شرکت متوقع ہے، جس سے ایک مرتبہ پھر سعودی عرب کی فالکنری مارکیٹ عالمی سطح پر اپنی حیثیت مستحکم کرے گا۔
فالکنری سے متعلق یہ ایونٹ نہ صرف نیلامی کی ایک منفرد محفل ہے بلکہ اس میں سپیشل آکشن، فارم پویلین، فالکنری سپلائیز، فیوچر فالکنری پویلین اور دیگر مختلف تجربات شامل ہیں جو وزیٹرز اور فالکنری کے شعبے میں دلچسپی رکھنے والوں کو نہ صرف تفریح فراہم کرتے ہیں بلکہ ان کی معلومات میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر اس فالکن فیسٹول کو ایک معتبر پلیٹ فارم تصور کیا جاتا ہے جو سعودی عرب کے فالکنری شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کے ذریعے مملکت کی عالمی سطح پر پوزیشن بھی مستحکم ہوتی ہے۔ گزشتہ برس کی نیلامی میں 56 فارمز نے شرکت کی تھی جن میں سے 13 سعودی اور 43 کا تعلق 19 مختلف ممالک سے تھا۔ اس نیلامی میں 872 باز فروخت کیے گئے جن کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 6 لاکھ ریال سے زائد تھی۔
مقامی فارمز کا سب سے مہنگا باز 2 لاکھ 10 ہزار ریال میں فروخت ہوا، جبکہ امریکی فارمز کی جانب سے پیش کردہ سب سے مہنگا باز 4 لاکھ ریال میں فروخت ہوا۔ سعودی فالکن کلب کی اس سالانہ نیلامی کو دنیا کی سب سے بڑی فالکن نیلامی سمجھا جاتا ہے، جس کے ذریعے نہ صرف سعودی عرب کی ثقافت کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جا رہا ہے، بلکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
یہ ایونٹ سعودی عرب کے وژن 2030 کے مطابق، نہ صرف سیاحت اور ثقافتی ورثے کے فروغ میں اہم قدم ثابت ہوتا ہے، بلکہ فالکنری جیسے قدیم فنون کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔
