ریاض : سعودی آرامکو نے منگل کو 2025 کی دوسری سہ ماہی کے لیے 22.67 ارب ڈالر کے خالص منافع کا اعلان کیا، جو مارکیٹ کی مسلسل غیر یقینی صورتحال اور خام تیل کی کم قیمتوں کے باوجود کمپنی کی مضبوط آپریٹنگ کارکردگی اور مالی استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق، آرامکو کی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ سال کے پہلے چھ ماہ میں خالص منافع 48.68 ارب ڈالر رہا، جس میں کمپنی کی مالی کارکردگی کے پائیدار اثرات نمایاں ہیں۔
کمپنی نے دوسری سہ ماہی کے لیے 21.1 ارب ڈالر کا بنیادی ڈیویڈنڈ اور 219 ملین ڈالر کا کارکردگی سے منسلک ڈیویڈنڈ بھی اعلان کیا ہے، جس کی ادائیگی تیسری سہ ماہی میں متوقع ہے۔
آرامکو کے سی ای او امین ناصر نے کہا کہ “آرامکو کی کارکردگی نے ایک بار پھر اس کی مضبوطی کا ثبوت دیا ہے، جس میں مسلسل شیئر ہولڈر منافع اور منظم سرمایہ کاری شامل ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ عالمی تیل کی طلب 2025 کے نصف میں یومیہ دو ملین بیرل سے زیادہ بڑھنے کی توقع ہے۔
امّین ناصر نے یہ بھی واضح کیا کہ کمپنی طویل مدتی حکمت عملی کے پابند ہے، جس میں نئی توانائی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجٹیل انوویشن میں سرمایہ کاری شامل ہے۔ سال کے پہلے چھ ماہ میں کمپنی کے کپیٹل اخراجات 24.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، جبکہ خام تیل کی قیمت 71.5 ڈالر فی بیرل تک گر گئی، جو پچھلے برس اسی مدت میں 84.3 ڈالر تھی۔
ماہرین مالیات کے مطابق، آرامکو کی یہ مضبوط مالی کارکردگی نہ صرف شیئر ہولڈرز کے لیے خوش آئند ہے بلکہ عالمی توانائی مارکیٹ میں سعودی عرب کی قیادت اور اعتماد کی عکاسی بھی کرتی ہے۔
