جدہ میں قائم معروف طبی ادارہ، ڈاکٹر سلیمان فقیہ ہسپتال، بین الاقوامی سطح پر ایک غیر معمولی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے، جو اسے دنیا بھر کے بہترین طبی مراکز کی صف میں کھڑا کرتا ہے۔ اس ہسپتال کو سرجیکل ریویو کارپوریشن (SRC) کی جانب سے چودہ مختلف طبی و جراحی شعبوں میں "سنٹر آف ایکسی لینس” کی سرٹیفائیڈ منظوری دی گئی ہے۔ یہ اعزاز دنیا میں کسی بھی واحد ہسپتال کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا ریکارڈ ہے، جس نے اتنی بڑی تعداد میں ایک ہی وقت میں یہ تصدیق حاصل کی ہو۔
اس نمایاں بین الاقوامی کامیابی کا سہرا ان سخت عالمی معیاروں کو جاتا ہے جنہیں اس ہسپتال نے اپنی خدمات کا حصہ بنایا ہے، تاکہ مریضوں کو اعلیٰ، محفوظ، مکمل اور جامع طبی دیکھ بھال مہیا کی جا سکے۔ ان عالمی معیاروں کی فہرست میں دس اہم ستون شامل ہیں، جیسے کہ ادارہ جاتی عزم، اعلیٰ تربیت یافتہ اور تجربہ کار ڈاکٹروں کی موجودگی، قابل اعتماد قیادت، جدید مشینری، تربیت یافتہ معاون عملہ، واضح طبی رہنما اصول، اور مسلسل معیار کی جانچ اور بہتری کا عمل۔
منظور شدہ طبی شعبوں میں روبوٹک سرجری، یورولوجی، آرتھوپیڈک سرجری، ریڑھ کی ہڈی کی سرجری، ہاتھ کی جراحی، کولوریکٹل سرجری، ہرنیا سرجری، پلاسٹک سرجری، اینڈوسکوپی، کان ناک گلا (ENT)، امراض چشم (آئی)، کم سے کم جراحی پر مبنی گائناکالوجی، موٹاپے کے آپریشنز میں خصوصی اینستھیزیا، اور آرتھوپیڈک سرجری میں خصوصی اینستھیزیا شامل ہیں۔
یہ تمام شعبہ جات سرجیکل ریویو کارپوریشن کے سخت معیارات پر پورا اترنے کے بعد ہی اس سرٹیفیکیشن کے اہل قرار پائے۔ ان معیارات میں نہ صرف طبی ماہرین کی قابلیت بلکہ مریضوں کو بروقت، محفوظ اور جدید ترین سہولیات فراہم کرنے کا مکمل نظام بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہسپتال نے ایسے تمام تقاضے بھی مکمل کیے ہیں جن میں علاج سے قبل مریض کو مکمل معلومات فراہم کرنا، اس کی رضامندی حاصل کرنا، فیصلہ سازی میں مریض کو شامل کرنا، اور علاج کے بعد اس کے نتائج کا تجزیہ کرنا شامل ہے۔
اس کے علاوہ تربیت یافتہ پروگرام کوآرڈینیٹرز، نرسیں، معاونین اور مخصوص آپریشنل عملہ بھی اس نظام کا لازمی جز ہیں، تاکہ مریضوں کو ہر پہلو سے بہتر سروس مل سکے۔
اس کامیابی پر فقیہ کیئر گروپ کے صدر، ڈاکٹر مازن فقیہ نے اپنی خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سنگ میل نہ صرف گروپ کے عالمی معیار پر مبنی ویژن کا عملی ثبوت ہے بلکہ مریضوں کو خصوصی اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ سرجیکل ریویو کارپوریشن (SRC) ایک غیر منافع بخش، آزاد اور بین الاقوامی ادارہ ہے جو ہسپتالوں، سرجنوں اور سرجیکل سینٹرز کو ان کی خدمات کے اعلیٰ معیار، مریضوں کی حفاظت، اور جدید طبی نظام کے مطابق جانچنے کے بعد ہی سند دیتا ہے۔ ان کا "سنٹر آف ایکسی لینس” کا اعزاز ایک طویل، کڑا اور معیاری جانچ کا عمل مکمل کرنے کے بعد ہی کسی ادارے کو دیا جاتا ہے، جو اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ وہ طبی ادارہ عالمی معیار کے مطابق محفوظ، جدید اور مؤثر خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ڈاکٹر سلیمان فقیہ ہسپتال کی یہ کامیابی نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے خطے کے لیے ایک فخر کا مقام ہے، جو ملک کو عالمی طبی نقشے پر ایک اہم مقام دلانے کی جانب ایک بڑا قدم ثابت ہو سکتی ہے۔
