ریاض : سعودی عرب کی وزارتِ ثقافت کے تحت قائم موسیقی کمیشن نے ریاض میں ایک شاندار تقریب کے دوران سعودی نیشنل آرکسٹرا اور کوئر پروگرام کے پہلے بیچ کے فارغ التحصیل طلباء کو اعزازات سے نوازا۔
یہ تقریب وزیرِ ثقافت اور موسیقی کمیشن کے چیئرمین شہزادہ بدر بن عبداللہ کی سرپرستی میں منعقد ہوئی۔ جس میں نائب وزیرِ ثقافت اور موسیقی کمیشن کے بورڈ کے نائب چیئرمین حمید فایز نے خصوصی شرکت کی۔
اس دو سالہ جامع تعلیمی و فنی پروگرام کے دوران نوجوان شرکاء نے مقامی اور بین الاقوامی ماہرین کی نگرانی میں موسیقی کی تربیت حاصل کی، جس کا مقصد قومی سطح پر فنکارانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور سعودی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانا تھا۔
تقریب میں چھ مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے فارغ التحصیل طلباء کو اعزازات سے نوازا گیا، جن میں تعلیمی کارکردگی، قائدانہ صلاحیتیں، تخلیقی ترقی، معاونت، نظم و ضبط اور وابستگی شامل ہیں۔
اس موقع پر سعودی نیشنل آرکسٹرا اور کوئر نے معروف موسیقار نادر عباسی اور ریاب احمد کی قیادت میں دل موہ لینے والی موسیقی پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
موسیقی کمیشن نے اس کامیاب بیچ کو سعودی عرب میں موسیقی کے شعبے کی ترقی اور وژن 2030 کے تحت ثقافتی و تخلیقی صنعتوں کو فروغ دینے کی سمت ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔ اس تقریب نے واضح کر دیا کہ سعودی عرب موسیقی سمیت فنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں عالمی معیار کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
