ریاض : سعودی وزارتِ داخلہ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم "ایپشر (Absher) نے جولائی کے مہینے میں 43,439,206 الیکٹرانک سروسز مکمل کر کے ایک نئی مثال قائم کر دی۔ یہ حیران کن اعداد و شمار نہ صرف ڈیجیٹل گورننس کی کامیابی کا ثبوت ہیں بلکہ سعودی وژن 2030 کے تحت ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی کامیاب پیش رفت کا مظہر بھی ہیں۔
ایپشر افراد (Individuals) پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل کی جانے والی سروسز کی تعداد 40,650,713 رہی، جن میں 33,387,591 دستاویزات کی جانچ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مکمل کی گئی، جو سعودی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور زائرین کے لیے دستیاب ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایپشر بزنس (Business) پلیٹ فارم کے ذریعے 2,788,493 سروسز انجام دی گئیں۔
وزارتِ داخلہ کے ذیلی اداروں کی خدمات کے حوالے سے بھی ایپشر نے اہم کردار ادا کیا۔ پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ سے متعلق 3,679,429 سروسز مکمل ہوئیں، جن میں سے 3,586,290 کا تعلق ٹریفک ڈیپارٹمنٹ، 2,769,794 پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ، اور 664,096 سروسز سول اسٹیٹس ایجنسی سے متعلق تھیں۔
ایپشر افراد پلیٹ فارم پر پبلک سروسز کے زمرے میں بھی کئی نمایاں خدمات انجام دی گئیں، جن میں 146,212 رپورٹس، 3,591 ڈاک کے ذریعے دستاویزات کی ترسیل کی درخواستیں اور 2,287 فنگر پرنٹ سے متعلق استفسارات شامل ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایپشر کے ذریعے ڈیجیٹل شناختوں (Unified Digital Identities) کی مجموعی تعداد 2.8 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان شناختوں کے ذریعے صارفین نہ صرف وزارتِ داخلہ کی مختلف خدمات سے مستفید ہو سکتے ہیں بلکہ "نفع” (Nafath) پلیٹ فارم کے ذریعے 500 سے زائد سرکاری و نجی اداروں تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے ایپشر کو جدید ترین ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ کر کے شہریوں کی روزمرہ ضروریات کو چند کلکس میں پورا کرنا ایک ایسا سنگ میل ہے جو نہ صرف مملکت میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ شہری سہولت کو اولین ترجیح دینے کی پالیسی کا عملی مظاہرہ بھی ہے۔
