ریاض : دنیا کے مشہور پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں انہیں مسلمانوں کی طرح عاجزی سے دعا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ کلپ سعودی کلب النصر اور الاہلی کے درمیان ہونے والے ایک سنسنی خیز میچ کے دوران ریکارڈ کیا گیا، جہاں پنالٹی شوٹ آؤٹ کے وقت رونالڈو کو میدان میں دعا مانگتے ہوئے کیمرے نے قید کر لیا۔
ویڈیو میں رونالڈو اپنی آنکھیں بند کر کے دونوں ہاتھ دعا کے انداز میں اٹھاتے ہیں، جو اسلامی دعا کے طریقے سے مشابہت رکھتا ہے۔ اس منظر نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو جذباتی کر دیا اور ہزاروں صارفین نے ان کے اس رویے کو عاجزی کی مثال اور بین المذاہب احترام سے تعبیر کیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے رونالڈو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ایک لیجنڈ فٹبالر ہی نہیں بلکہ ایک عالمی شخصیت ہیں جو مختلف مذاہب، ثقافتوں اور روایات کا احترام کرتے ہیں، خصوصاً اب جب وہ مشرق وسطیٰ میں کھیل رہے ہیں۔
رونالڈو جو اس وقت سعودی عرب کے النصر فٹبال کلب کی نمائندگی کر رہے ہیں، پہلے ہی عرب دنیا میں اپنے سادہ انداز، فٹنس، اخلاق اور ٹیم اسپرٹ کی بدولت بہت مقبول ہیں۔ ان کے اس عمل نے ان کے مداحوں کے دلوں میں مزید جگہ بنا لی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ رونالڈو کو اس انداز میں دیکھا گیا ہو۔ اس سے قبل بھی، یوئیفا نیشنز لیگ کے ایک فائنل میچ کے دوران بھی انہیں اسی طرح کی دعا کرتے ہوئے کیمروں نے محفوظ کیا تھا، جس سے ان کے اندر چھپی روحانیت اور جذبات کا اندازہ ہوتا ہے۔
رونالڈو کے اس عمل نے ایک بار پھر یہ پیغام دیا ہے کہ کھیل کے میدان صرف جسمانی مقابلے کا نہیں بلکہ ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور انسانیت کے احترام کا پلیٹ فارم بھی ہوتے ہیں۔
