ریاض:سعودی عرب کے دارالحکومت میں جدید شہری ٹرانسپورٹ کا شاہکار ریاض میٹرو اپنے آغاز (دسمبر 2024) کے بعد صرف نو ماہ میں 10 کروڑ مسافروں کو خدمات فراہم کر چکا ہے، جو ایک تاریخی سنگ میل ہے۔
ریاض شہر کے شاہی کمیشن کے زیر نگرانی چلنے والے اس منصوبے میں آپریشن کی باقاعدگی کی شرح 99.78 فیصد رہی، جو اس کی اعلیٰ کارکردگی اور شہریوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
نیلے ٹریک (طریق العلیا) پر سب سے زیادہ یعنی 4 کروڑ 65 لاکھ، سرخ ٹریک (طریق الملک عبد اللہ) پر 1 کروڑ 70 لاکھ اور نارنجی ٹریک (طریق المدینہ المنورہ) پر 1 کروڑ 20 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، جب کہ باقی تین ٹریکوں پر مجموعی طور پر 2 کروڑ 45 لاکھ شہریوں نے میٹرو کو استعمال کیا۔
قصر الحکم، المركز المالی، STC مرکزی اسٹیشن اور المتحف الوطنی وہ بڑے اسٹیشنز ہیں جہاں سب سے زیادہ مسافروں کا رش دیکھا گیا، جو ایک سے زائد ٹریکس کے تبادلے کے مراکز بھی ہیں۔ ریاض میٹرو شہر کے وسیع بس نیٹ ورک، آن ڈیمانڈ بسوں اور عوامی ٹرانسپورٹ پارکنگ سے مکمل طور پر مربوط ہے، جس کی بدولت مسافروں کو دروازے سے منزل تک ایک ہموار، آرام دہ اور قابلِ اعتماد سفری سہولت میسر آتی ہے۔
یہ نظام نہ صرف آمد و رفت کو آسان بنا رہا ہے بلکہ سعودی عرب میں پائیدار اور جدید شہری زندگی کی جانب ایک بڑا قدم بھی ثابت ہو رہا ہے۔
