ریاض:سعودی براڈکاسٹنگ اتھارٹی کے زیر اہتمام 4 روزہ بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔
اس تربیتی ورکشاپ کا مقصد صحافت کو عصری تقاضوں اور عالمی ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا تھا، تاکہ پیش کی جانے والی خبریں زیادہ مؤثر، قابلِ اعتماد اور جدید دور کے مطابق ہوں۔
ورکشاپ کے دوران منعقدہ سیشنز میں خاص طور پر صحافت میں مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے ہوئے استعمال، فیکٹ چیکنگ کے جدید طریقوں اور ڈیجیٹل صحافت کی تکنیکوں پر روشنی ڈالی گئی۔
ماہرین نے بتایا کہ فیک نیوز کے پھیلاؤ کے اس دور میں صحافتی صداقت کی بحالی کے لیے جدید ٹولز اور تربیت نہایت ضروری ہے۔
ورکشاپ کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی تربیتی سرگرمیاں نہ صرف صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے میڈیا اداروں کے مابین تعاون کو مضبوط کرتی ہیں۔
شرکاء نے سعودی براڈکاسٹنگ اتھارٹی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صحافت کی عالمی سطح پر ترقی کا اہم زینہ ثابت ہوگا۔
ورکشاپ میں شریک صحافیوں کا کہنا تھا کہ تیزی سے ڈیجیٹلائز ہوتی دنیا میں صحافت کو مستند رکھنے کے لیے نئی مہارتوں اور جدید سافٹ ویئرز کا استعمال ناگزیر ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ ایسی ورکشاپس کو ریگولر بنیادوں پر منعقد کیا جانا چاہیے تاکہ نوجوان صحافی عالمی معیار کے مطابق خود کو تیار کر سکیں۔
ورکشاپ کے اختتام پر گروپ فوٹوز، سرٹیفکیٹس کی تقسیم اور رابطوں کی نئی راہیں کھلنے کی خوشی شرکاء کے چہروں پر دیکھی جا سکتی تھی۔
