ریاض/روم:سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نےمغربی کنارے میں اسرائیل کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور غزہ میں فوری جنگ روکنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ جمعرات کو روم میں پریس بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اٹلی کے موقف سے مکمل متفق ہے، جس میں غزہ میں جاری تنازعات کے تناظر میں سیاسی عمل کو ہموار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ اسرائیلی خلاف ورزیاں دو ریاستی حل کے لیے کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں، اور دو ریاستی حل خطے میں امن کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی فورسز کی حالیہ کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی عمل کو مستحکم کرنا ہر ممکن کوششوں کی ضرورت ہے۔
اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے گزشتہ روز غزہ میں اسرائیلی میزائل حملوں میں پانچ صحافیوں کی ہلاکت کی مذمت کی تھی اور دو ریاستی حل پر زوردیا تھا۔سعودی وزیرخارجہ نےاس موقع پر یوکرینی بحران کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ سعودی عرب فریقین کے درمیان بات چیت کے لیے تمام ضروری سپیس فراہم کرتارہے گا۔انہوں نے روس کی جانب سے اس بحران کے حل کی کوششوں کی حمایت کرنے کا بھی حوالہ دیا۔
یہ دورہ اٹلی کے وزیراعظم میلونی کے سعودی عرب کے دورے کے آٹھ ماہ بعد ہو رہا ہے۔ اس دوران دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے 10 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے۔سعودی عرب میں اطالوی کمپنیوں کے ریجنل ہیڈ کوارٹر کے لیے 250 لائسنس موجود ہیں اور ریاض مختلف شعبوں میں روم کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا چاہتا ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان کے اس بیان سے نہ صرف خطے میں سیاسی استحکام اور امن کی کوششوں میں سعودی عرب کے عزم کا اظہار ہوتا ہے، بلکہ عالمی سطح پر اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بھی مضبوط کرنے کا پیغام دیا گیا ہے۔
