جدہ: انڈین بحریہ کے دو جہاز، آئی این ایس تمال (ملٹی رول فریگیٹ) اور آئی این ایس سورت (گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر) نے 27 اور 28 اگست کو جدہ پورٹ کا دورہ کیا، جو بھارت اور سعودی عرب کے درمیان بحری تعلقات کے فروغ کا حصہ ہے۔ انڈین سفارتخانے کے مطابق یہ دورہ دوطرفہ دفاعی تعلقات میں گہرائی اور تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
جدہ بندرگاہ پہنچنے پر سعودی اور انڈین حکام، ساتھ ہی کمیونٹی کے ارکان نے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ سعودی عرب میں انڈین سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے عرب نیوز سے گفتگو میں کہا کہ یہ دورہ دفاعی تعلقات کی مضبوطی اور فوجی تعاون کے عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملک سٹریٹجک پارٹنرز کے طور پر اپنے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
سفیر نے بتایا کہ اس سال اپریل میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے جدہ دورے کے دوران دفاعی تعاون کے لیے ایک نئی وزارتی کمیٹی قائم کی گئی تاکہ شراکت داری کو مضبوط اور مستحکم کیا جا سکے۔
جدہ پورٹ پر قیام کے دوران جہازوں کی ٹیموں نے مملکت کے مغربی بحری بیڑے، رائل سعودی نیول فورسز کی قیادت اور ڈائریکٹر جنرل سعودی بارڈر گارڈ مکہ ریجن کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ اس دوران جدہ میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینشن سینٹر میں آپریشنز اور طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا، اور رائل سعودی نیول فورسز کے ساتھ ایک دوستانہ فٹبال میچ بھی کھیلا گیا۔
اس شام، انڈین سفیر نے آئی این ایس تمال پر سعودی مہمانوں اور کمیونٹی کے ارکان کے لیے خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا۔ یہ دورہ گزشتہ برسوں میں ہونے والی مشترکہ بحری مشقوں (2021 اور 2023) کا تسلسل ہے، اور دونوں ملکوں کے دفاعی تعاون کو عالمی سطح پر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
