کنگ فیصل ایوارڈ کے جنرل سیکریٹریٹ نے 2027 کے ایوارڈز کے لیے نامزدگیاں وصول کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے، جو پانچ اہم شعبوں میں دیے جائیں گے۔ یہ شعبے ہیں، اسلام کی خدمت، اسلامی علوم، عربی زبان و ادب، طب اور سائنس۔ کنگ فیصل ایوارڈ کا مقصد ہر سال ان افراد اور اداروں کی خدمات کو تسلیم کرنا ہے جنہوں نے اپنے شعبوں میں غیر معمولی خدمات انجام دے کر انسانیت کے لیے اہم تبدیلیاں کی ہیں۔
کنگ فیصل ایوارڈ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالعزیز السبیل نے اس بات پر زور دیا کہ اس ایوارڈ کی 48 سالہ تاریخ میں بے شمار افراد اور اداروں کو ان کی کوششوں کے اعتراف میں انعامات سے نوازا جا چکا ہے، جو انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس سال کے ایوارڈ کے لیے ہر شعبے میں مخصوص موضوعات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اسلامی علوم کے شعبے میں فقہی مطالعات، عربی زبان و ادب میں عربی زبان کے فروغ میں ادارہ جاتی کوششیں، سائنس میں کیمسٹری اور طب کے شعبے میں کلینیکل میڈیسن میں مصنوعی ذہانت کو موضوعات کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، اسلام کی خدمت کا ایوارڈ ایک اعزازی ایوارڈ ہے، جو ان افراد یا اداروں کو دیا جاتا ہے جن کی خیر سگالی کی کوششوں نے اسلام، مسلمانوں اور انسانیت کے لیے غیر معمولی خدمات فراہم کی ہوں۔
کنگ فیصل ایوارڈ کی نامزدگیاں 1 ستمبر 2025 سے 31 مارچ 2026 تک وصول کی جائیں گی اور یہ تعلیمی، سائنسی اداروں اور تحقیقی مراکز کے ذریعے بھی جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ نامزدگیاں ای میل یا پورٹل کے ذریعے بھی ارسال کی جا سکتی ہیں۔ ڈاکٹر عبدالعزیز السبیل نے اس موقع پر بتایا کہ اس ایوارڈ کا مقصد عالمی سطح پر تعلیمی، سائنسی اور انسانی خدمات میں بہترین کارکردگی کا اعتراف کرنا ہے۔
یاد رہے کہ کنگ فیصل ایوارڈ کا آغاز 1979 میں تین شعبوں اسلام کی خدمت، اسلامی علوم اور عربی زبان و ادب سے کیا گیا تھا، جبکہ 1980 میں دو نئے شعبے طب اور سائنس شامل کیے گئے۔ ایوارڈ یافتگان کو دو لاکھ ڈالر، 200 گرام 24 قیراط کا گولڈ میڈل اور ایک سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے، جو ان کی بے مثال خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف ہوتا ہے۔
کنگ فیصل ایوارڈ نے اپنے 48 سالہ سفر میں عالمی سطح پر بے شمار ممتاز شخصیات اور اداروں کو عزت و احترام سے نوازا ہے، جنہوں نے اپنی تحقیق، علم و فنی مہارت اور انسان دوست خدمات سے دنیا کے مختلف حصوں میں انقلاب برپا کیا۔
کنگ فیصل ایوارڈ کا یہ اعلان دنیا بھر کے اہل افراد اور اداروں کے لیے ایک اہم موقع ہے تاکہ وہ اپنی خدمات کا اعتراف حاصل کریں اور انسانیت کے لیے اپنی جدوجہد کو عالمی سطح پر سراہا جائے۔
